Tuesday, 1 July 2014

آئی سی سی نے 2016 سے 2023 تک کے میگاایونٹس بگ تھری کو دیدیئے

2017 میں ہونے والی چمپئنز ٹرافی کی میزبانی انگلینڈ کرے گا۔فوٹو:فائل
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2016 سے 2023 تک میگاایونٹس کے  میزبان ممالک کا اعلان کردیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تمام میگاایونٹس کی میزبانی کرکٹ کے چوہدریوں بگ تھری کے حوالے کردی ہے جس کے تحت تمام بڑے مقابلوں کے میزبان بھارت،انگلینڈ اور آسٹریلیا ہوں گے۔ آئی سی سی کے مطابق 2016 میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی بھارت جبکہ 2017 میں ہونے والی چمپئنز ٹرافی کی میزبانی انگلینڈ کرے گا۔
اس کے علاوہ 2019 میں ہونے والا ورلڈ کپ انگلینڈ میں کھیلا جائے  جبکہ 2020 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میلا آسٹریلیا میں سجے گا۔ چمپئنز ٹرافی 2021 اور کرکٹ کے عالمی مقابلے ورلڈ کپ 2023 کا دنگل بھی بھارت میں ہی ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے آسٹریلیا میں آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس کے بعد انہوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کرکٹ کی دنیا میں بگ تھری کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اور اب آئی سی سی میں ایک 5 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے جبکہ نجم سیٹھی کے دعوؤں کے برعکس آئی سی سی نے ایک بار پھر میگا ایونٹس کی میزبانی بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو سونپتے ہوئے کرکٹ میں بگ تھری کی اجارہ داری کا ثبوت دیا ہے۔

No comments:

Post a Comment