Thursday 25 July 2013

سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو مات دیکر سیریز جیت لی


                                                                 



سینٹ لوشیا: پانچویں اور آخری ون ڈے میں پاکستان نے میزبان ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔
سینٹ لوشیا کے بیوسجور کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے، کپتان ڈیوائن براوو 48، مارلن سیمیولز 45 اور جانسن چارلس 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیون اسمتھ 7، ڈیرن براوو 9، کرس گیل 21 اور لینڈی سمنز 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ جبکہ ڈیرن سیمی 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے جنید خان خان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عرفان اور سعید اجمل 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
243 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کپتان مصباح الحق نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کی مسلسل تیسری نصف سنچری بنائی اور 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 4 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین عمر اکمل نے مصباح الحق کا بھرپور ساتھ دیا اور 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اننگز کے آغاز پر احمد شہزاد اور ناصر جمشید نے محتاط انداز اپنایا تاہم پھر 51 کے مجموعی اسکور پر ناصر جمشید 23 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ کریز پر آئے لیکن 11 رنز بنا کر وہ بھی آؤٹ ہوگئے، احمد شہزاد نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 64 رنز بنائے جبکہ حارث سہیل 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے لئے ٹینو بیسٹ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کی جبکہ ڈیرن سیمی اور جیسن ہولڈر ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مصباح الحق کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان 1988 کے بعد کبھی بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کی سرزمین پر ایک روزہ سیریز نہیں ہارا تھا اور اس نے اس تسلسل کو آج بھی برقرار رکھا

No comments:

Post a Comment